9 جون 2026 - 18:41
نئی کتاب ’’الشیعہ فی پاکستان‘‘ شائع، پاکستان کے شیعہ معاشرے پر جامع عربی تحقیق

بیروت: پاکستان کے شیعہ معاشرے پر ایک اہم علمی و تحقیقی کاوش کے طور پر نئی کتاب ’’الشیعہ فی پاکستان‘‘ عربی زبان میں شائع ہو گئی ہے، جسے اس موضوع پر نمایاں اور جامع مطالعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، دار الولاء بیروت سے شائع ہونے والی اس کتاب کے مصنف پاکستانی محقق و عالم دین علامہ شیخ ہادی حسین ناصری ہیں۔ 222 صفحات پر مشتمل یہ تصنیف پاکستان میں شیعہ معاشرے کی تاریخی، فکری، مذہبی اور سماجی ساخت کا تفصیلی جائزہ پیش کرتی ہے۔

کتاب میں برصغیر میں تشیع کی تاریخی تشکیل، مذہبی اداروں کا کردار، فکری رجحانات، سماجی اثرات اور معاصر چیلنجز کو مختلف زاویوں سے زیر بحث لایا گیا ہے۔ مصنف نے مختلف تاریخی ادوار اور علمی شخصیات کے تناظر میں پاکستان کے شیعہ معاشرے کی ایک جامع تصویر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

یہ کتاب دو مقدمات، تین ابواب اور ایک اختتامیہ پر مشتمل ہے، اور اس کا بنیادی مقصد عرب دنیا کے قارئین کو پاکستان کے شیعہ معاشرے کی تاریخ، موجودہ صورتحال اور فکری و سماجی مسائل سے آگاہ کرنا ہے۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری اسلامی علوم کے معروف محقق ہیں، جن کی فقہ، تفسیر اور اسلامی فکر کے موضوعات پر متعدد اردو تصانیف اور علمی مقالات شائع ہو چکے ہیں، تاہم عربی زبان میں یہ ان کی پہلی مستقل تصنیف ہے۔

مبصرین کے مطابق یہ کتاب عربی علمی ذخیرے میں پاکستان کے شیعہ معاشرے کے حوالے سے موجود علمی خلا کو پُر کرنے کی ایک اہم کوشش ہے اور آئندہ تحقیق کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha